ثنا میر نے اپنے کرکٹ کیریئر کوبریک کیوں لگا دی ؟ 1

ثنا میر نے اپنے کرکٹ کیریئر کوبریک کیوں لگا دی ؟

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لینے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد وہ انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ میں شریک نہیں ہوں گی۔بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ثنا میر نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ثنا میر نے کے بریک کے حوالے سے بتایا کہ اس سے انہیں مستقبل کے اہداف ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔کرکٹ بورڈ کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں ممکنہ طور پر شامل ہونے والی کھلاڑیوں کا نو روزہ تربیتی کیمپ 21 نومبر سے 29 نومبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں جاری رہے گا۔

پریس ریلیز کے مطابق سیریز کے دوران پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ سیریز نو دسمبر سے 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حتمی اعلان 27 نومبر کو کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کے شیڈول کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ پہلا ایک روزہ میچ نو، دوسرا 12 اور تیسرا 14 دسمبر کو ہو گا۔ یہ تینوں میچ کنرارا اکیڈمی اوول میں ہوں گے۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی میچز 17، 19 اور 20 دسمبر کو ہوں گے، یہ میچز بھی کنرارا اکیڈمی اوول میں کھیلے جائیں گے۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی ثنا میر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان رہی ہیں۔ ان کی کپتانی میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشیائی کھیلوں میں 2010 اور 2014 میں دو سونے کے تمغے حاصل کیے۔ انہوں نے سنہ 2008 ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے مقابلے میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ آئی سی سی کی کھلاڑیوں کی درجہ بندی کے مطابق وہ ایک روز کرکٹرز میں آٹھویں نمبر ہیں۔
12 مئی 2019 کو ثنا میر نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ یہ ریکارڈ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ویلومورے پارک بنونی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کے دوران اس وقت قائم کیا جب ان کی گیند پر جویریہ خان نے بیٹر ایس لوس کا کیچ لیا جو ان کی 147 ویں وکٹ تھی۔

Leave a Reply