رائے ونڈ :توحید باری تعالیٰ پر مکمل ایمان لاکر ہی طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ،سرور کائنات حضرت محمد رسول اﷲ ﷺ نے انسانیت کو اپنے حقیقی رب کی پہچان کرائی ،اﷲ تعالیٰ کی واحدانیت اور نبی مکرم ؐ کی رسالت پر ایمان کامل رکھنے والوں کو ہی مسلمان کے لقب سے نوازا گیا ہے ،مسلمان کی نشانی ہے کہ وہ اﷲ کے احکامات اور نبی اکرمؐ کے طریقوں کے مطابق اپنی زندگی گزارتا ہے ، رائیونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے روز علما کرام نے بیانات کئے ، تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں جمعہ کے روز بعدازنماز فجر قاری زبیر آف بنگلہ دیش،نماز جمعہ کا خطبہ مولانا معاذ نے دیا اور نماز پڑھائی بعدازنماز جمعہ مولانا محمد اسماعیل ،بعدازنماز عصر مولانا زبیر الحسن آف انڈیا اور بعدازنماز مغرب مولانا احمد لاٹ نے اپنے روح پرور بیانات میں اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا تبلیغی جماعت کا مقصد اﷲ تعالیٰ کے احکامات اور نبی اکرم ؐ کے اسوہ حسنہ کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچانا ہے جس کیلئے لاکھوں فرزندان اسلام نے اپنی زندگیاں وقف کررکھی ہیں ، دین حقوق اﷲ اور حقوق العباد کا مجموعہ ہے ، عبادات کرنے سے انسان کے اندر کی صفائی ہوتی ہے ، برائیوں میں مبتلا انسانیت کو راہ ہدائیت پر لانا حقوق العباد کی اعلیٰ قسم ہے ،اﷲ تعالیٰ خود بھی اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ اسکے بندے دوزخ کا ایندھن بن جائیں ، دیندار لوگوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے وہ جہنم کے راستے پر چلنے والے انسانوں پر محنت کریں ، پنڈال میں لاکھوں فرزندان اسلام بڑے تزک و احتشام سے بزرگان دین اور علمائے کرام کے بیانات سے مستفید ہوئے ، مندوبین کے قافلوں کا سلسلہ آج بھی سارادن جاری رہا
