اسلام آباد (ویب ڈیسک) نشاط گروپ اور جنوبی کوریا کی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ہنڈائی نشاط موٹرز پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والے اپنے پلانٹ کی توسیع پر مزید 230ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گی جس سے 2023ء تک ہنڈائی نشاط موٹرز کی پیداوار 30ہزار یونٹس سالانہ تک بڑھ جائےگی۔ہنڈائی نشاط موٹرز کے جنرل منیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ عباد جمال نے کہا ہے کہ 2017ئ میں ہنڈائی موٹرز نے نشاط گروپ کے اشتراک سے فیصل آباد کے قریب گاڑیاں تیار کرنے کےلئے پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا تھا اور ابتدائی طور پر 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پلانٹ کو تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے جس کی سالانہ پیداواری استعداد 15 ہزار یونٹس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنڈائی نشاط موٹرز اپنی پیداوار میں اضافہ کےلئے 2023ئ تک مزید 230 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے پیداوار سالانہ 30ہزار یونٹس تک بڑھ جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی صارفین کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کےلئے پر عزم ہے اور عالمی معیار کے مطابق گاڑیوں کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔