ہماری اپوزیشن تماشہ بنا رہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑتا 1

ہماری اپوزیشن تماشہ بنا رہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑتا

(ویب ڈیسک): وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال روز بروز بڑھ رہی ہے اور دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور ہماری اپوزیشن تماشہ بنا رہی ہے ۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی معاشی اور مجموعی صورت حال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی اعشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بھی حوصلہ افزا اعدادوشمار سامنے آئے ہیں تاہم معاشی ٹیم سے کہا ہے کہ صنعت کی بہتری کے لیے تمام ریاستی وسائل استعمال کریں۔
اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے جلسے جلوس اور حکومت مخالف مہم پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال روز بروز بڑھ رہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑ رہا، چوری کے پیسے چھپانے کے لیے لوگوں کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے، دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں تماشہ بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق معاملات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای میں لیبر ویزہ پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے، یو اے ای حکام نے انتہائی تربیت یافتہ پاکستانی لیبر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ عرب امارات کی ترجیح کورونا کے دوران بے روزگار ہونے والی ورک فورس کی بحالی ہے جب کہ یو اے ای نے انتہائی پروفیشنل پاکستانی لیبر کیلئے گولڈن ویزا کی سہولت بھی دی ہے۔

Leave a Reply