کویت میں گھریلو ملازماؤں کی آن لائن فروخت کا انکشاف، کارروائی شروع 1

کویت میں گھریلو ملازماؤں کی آن لائن فروخت کا انکشاف، کارروائی شروع

کویت سٹی: 

کویت نے سوشل میڈیا پر خواتین گھریلو ملازمین کی خرید و فروخت کے انکشاف پر کارروائی کا آغاز کردیا جب کہ گوگل، انسٹا گرام اور ایپل نے بھی ایسے اکاؤنٹس کو بند کر دیا ہے۔

 سوشل میڈیا پر انسٹاگرام اور دیگر ایپس کے ذریعے گھریلو ملازماؤں کی خرید و فروخت کے مکروہ دھندے کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن میں اکاؤنٹس کو بند کر کے اکاؤنٹ ہولڈرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جائے گی۔

کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کویت کے پبلک اتھارٹی فار مین کے سربراہ ڈاکٹر مبارک علی عظمی کا کہنا ہے کہ خواتین ملازماؤں کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی اور ایسی خواتین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ ایسی خواتین کو کام کے پیسے دینے کے بجائے ایک دوسرے کو فروخت کردیا جاتا تھا۔

کویتی حکومت نے یہ کارروائی برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد کی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ خواتین کو گھریلو ملازمین کے طور پر فروخت کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے سوشل میڈیا کو استعمال کیا جا رہا ہے جہاں باقاعدہ اس دھندے کیلیے ہیش ٹیگ چلائے جاتے ہیں۔

انسٹا گرام اور گوگل نے اس مکروہ دھندے میں اپنے پلیٹ فارمز استعمال ہونے کا نوٹس لیا ہے اور ایسے اکاؤنٹس بند کردیئے ہیں جب کہ گوگل اور ایپل نے ایپ ڈیولپرز کے ساتھ مختلف پلیٹ فارمز پر غیر قانونی کام کو روکنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

 
 
 

Leave a Reply