کرونا کی جنگ میں شاہ رخ خان حکومت کے ساتھ 1

کرونا کی جنگ میں شاہ رخ خان حکومت کے ساتھ

ممبئی(ویب ڈیسک): بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے بعد شہری حکومت کی بھی مدد کرتے ہوئے انہیں اپنے دفتر کی عمارت فراہم کردی۔بھارتی میڈ یا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ نے ممبئی کی برہن ممبئی میونسل کارپوریشن کو اپنی 4 منزلہ عمارت وقتی طور پر فراہم کردی، تاکہ مقامی انتظامیہ وہاں پر کورونا کا شکار ہونے والے بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کے لیے قرنطینہ قائم کر سکے۔
اداکار و ان کی اہلیہ کی جانب سے انتظامیہ کو عمارت فراہم کرنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ جوڑے کی جانب سے فراہم کی جانے والی 4 منزلہ عمارت میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم کیا جائے گا۔مقامی انتظامیہ کی جانب سے شکریہ ادا کرنے پر شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے بھی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ ممبئی کے رہنے والوں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔

Leave a Reply