واشنگٹن (و یب ڈسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے (ڈبلیو ایچ او) عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری روکنے کا حکم دے دیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلاوکو چھپانے اور اس حوالے سے بد انتظامی پر (ڈبلیو ایچ او) عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری طور پر روکنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کی وباءروکنے سے متعلق اپنی ذمہ داری اداکرنے میں ناکام رہا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیا عالمی ادارہ صحت نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے چین میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے طبی ماہرین بھیجے، اگر ایسا ہوتا تو کورونا وائرس کے پھیلاوکو روکا جاسکتا تھا اور اموات کی تعداد بھی کم ہوتی۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فنڈز روکنے کی دھمکی دی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر ”چین کی جانب داری“ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اس ادارے نے کورونا وائرس کا پھیلاوروکنے کےلیے فیصلوں اور عملی اقدامات میں بہت تاخیر کی جس کی وجہ سے یہ عالمی وبا سنگین ہوگئی ہے۔