لاہور:احتساب عدالت نے چودھری شوگرملزکیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو8نومبرکوطلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 8نومبر کو صبح 8بجے پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ میاں نوازشریف چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت پرہیں جبکہ اس کیس میں ان کی بیٹی مریم نواز اور بھتیجا بھی نامزد ہیں۔یاد رہے 11 اکتوبر کو نیب نے چودھری شوگرملز کیس میں میاں نوازشریف کوگرفتار کیا تھا، جس کے بعد احتساب عدالت نے انہیں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ چودھری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ4نومبر کو سنائے گی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے مریم نواز کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا مریم نواز اپنے والد کیساتھ ملکر منی لانڈرنگ میں ملوث رہیں۔ 230 ملین مریم اور یوسف عباس کے اکائونٹ میں منتقل ہوئے جس کی آج تک وہ وضاحت نہیں دے سکیں ۔چودھری شوگر ملز کا اکائونٹ منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوتا رہا ۔نیب پراسیکیوٹر نے انسانی بنیادوں پر ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ والدکی تیمارداری کیلئے ضمانت دینے کا کوئی قانون نہیں جبکہ مریم نواز کل تک اپنے والد کے ساتھ ہسپتال میں تھیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے خاتون ہونے کی بنیاد پر مریم نواز کی رہائی کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ مریم نواز کی رہائی کیلئے درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنیاد پر مسترد کی جائے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 4نومبر کو سنایا جائے گا
