پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے جلد بند کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی 1

پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے جلد بند کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی

(ویب ڈیسک): پاکستان میں سموگ اور کورونا کے بڑھتے وار، پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے جلد بند کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی، وفاق نے نومبر میں چھٹیاں دینے پر پنجاب سے مشاورت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس جاری ہے، ملک میں کورونا کے کیسز بڑھنے پر وزیراعظم عمران خان نے تشویش کااظہار کیا، اجلاس میں سموگ اور کورونا کے پیش نظر تعلیمی ادارے جلد بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے، وفاق کی تجویز کے مطابق نومبر کے دوسرے ہفتے سے تعلیمی ادارے بند کر دیئے جائیں گے اور دسمبر میں سردیوں کی چھٹیوں کو پہلے ایڈجسٹ کردیا جائے گا، پنجاب نے تعلیمی ادارے جلد بند کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر فاقی حکومت نے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس بھی 5 نومبر کو طلب کرلی،کانفرنس میں چاروں صوبوں کے وزراء تعلیم شرکت کریں گے۔اجلاس میں موسم سرما کی چھٹیاں دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا،اجلاس میں آٹھویں کے بورڈ کے امتحانات لینے یا نہ لینے کا فیصلہ بھی ہوگا۔
واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائر س کے حملوں میں پھر تیزی آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 ہزار 984 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 1 ہزار167 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار260 ہوگئی۔

Leave a Reply