CORONA pakistan update

پاکستان میں کورونا کے باعث مریضوں اور اموات میں اضافہ، گورنر سندھ قرنطینہ چلے گئے ، قریبی لوگوں کے ٹیسٹوں کا بھی فیصلہ

ویب ڈیسک : کورونا وائرس نے پاکستان میں اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد موذی وبا سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 301 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد 14 ہزار سے بڑھ چکے ہیں ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چھ ہزار 417 ٹیسٹ کیے گئے اور 751 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد تعداد 14 ہزار 79 پر جا پہنچی ہے ۔کورونا کے 3 ہزار 233 مریض ملک بھر میں صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، پنجاب 5 ہزار 640، سندھ میں 4 ہزار 956 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا ایک ہزار 984، بلوچستان میں 853 مریض ہیں جبکہ اسلام آباد 261، گلگت بلتستان 320 اور آزادکشمیر میں مریضوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔
سب سے زیادہ مریض صحت یاب پنجاب میں ہوئے ہیں جہاں تعداد 1306 ہو گئی ہے جبکہ سندھ میں 925، کے پی کے میں 533 ، گلگت بلتستان میں 222 ، بلوچستان میں 176 ، اسلام آباد میں 36 اور آزاد کشمیر میں 35 افراد بیماری کے خلاف جنگ جیتنے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبر پختون خواہ میں ہوئیں جہاں تعداد 104 پر پہنچ گئی ہے جبکہ پنجاب میں 91 ، سندھ میں 85 ، بلوچستان میں 14 ، گلگت بلتستان میں تین اور اسلام آباد میں چار افراد وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں ۔

گورنر سندھ بھی کورونا کا شکار ہو گئے، ہلکا بخار اور کھانسی محسوس ہونے پر ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے جس کے بعد عمران اسماعیل نے خود کو قرنطینہ کر لیا ۔ اہل خانہ کے ٹیسٹ بھی کرائیں گے۔ ان سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی کا ٹیسٹ بھی ہوگا، عمران اسماعیل کے پرسنل سیکریٹری اور دیگر اسٹاف کا بھی ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

Leave a Reply