Dr. Zafar Mirza

ووہان میں پاکستانی طلبہ انخلا نہ کیے جانے پر شکر گزار ہیں، ڈاکٹر ظفر

(ویب ڈیسک): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ صوبے ووہان میں کورونا وائرس کی وبا عروج میں ہونے کے باوجود پاکستانی طلبہ کے انخلا نہ کیے جانے پر چین کی حکومت کے شکرگزار ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا دورہ کرنے والے چینی وفد میں شامل ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر نے کہا کہ ہم نے اپنے طلبہ کو ووہان سے نہ نکالنے کا سخت فیصلہ کیا تھا، ہم نے چینی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا اور صرف ان کی سفارشات پر عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں وائرس بتدریج پھیل رہا ہے، چین میں رہنے والے وہی طلبہ انخلا نہ کیے جانے پر حکومت سے اظہار تشکر کررہے ہیں اور ہم سے درخواست کررہے ہیں کہ جس طرح سے چینی حکومت نے ان کی دیکھ بھال کی ہے اسی طرح ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا تو انہوں نے اسکائپ کے ذریعے ووہان میں پاکستانی طلبہ سے بات کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’طلبہ نے صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ (انہیں واپس نہ لانے) کا فیصلہ کرنا صحیح تھا حالانکہ ان کے اہل خانہ حکومت پر دباؤ ڈال رہے تھے‘۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ چین نے کم از کم 6 کروڑ افراد کو لاک ڈاؤن میں ڈال کر طب کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو متعدی بیماری کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے چین سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کی جانب سے فراہم کردہ طبی سامان اور طبی مہارت پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ واقعی قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں رپورٹ ہونے والے تمام کیسز میں سے ایک بھی مریض ایسا نہیں جس کی سفری تاریخ میں چین کا حوالہ ملتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام صرف دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے ممکن ہوسکا۔
اس سے قبل این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے چینی وفد کا استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھایا کہ وہ پاکستان کا اتحادی ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر لوزوہوئی نے این آئی ایچ کے دورے پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے لیے بیجنگ کی ہر طرح کی مدد جاری رہے گی۔
لوزوہوئی کی سربراہی میں چینی طبی ماہرین نے این آئی ایچ اسلام آباد کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں ہسپتال میں کورونا وائرس سے متعلق انتظامات کے حوالے سے جائزہ پیش کیا گیا۔
بریفنگ کے بعد چینی وفد نے این آئی ایچ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ان تکنیکی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں این آئی ایچ کے چیف ڈائریکٹر چینی طبی ماہرین کو پاکستان میں وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مجموعی صورتحال اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔

Leave a Reply