ویب ڈیسک :وزیراعظم عمران خان نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں فراڈ کرنے والے سرکاری افسران کے نام سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غریبوں کاحق لوٹنےکی چھوٹ نہیں دےسکتے۔
تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سرکاری افسران کے فراڈ کے معاملے پر پروگرام سےنکالے گئے سرکاری افسران کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افسران کے نام سامنے لانے کی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غریبوں کا حق لوٹنے کی چھوٹ نہیں دےسکتے، لوٹ مار کرنے والوں کے نام سامنے لائیں، با اثرسرکاری افسران کے نام پردے میں نہیں رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عملدرآمد فوری شروع کیا جارہا ہے، ہدایت کی روشنی میں کارروائی بھی ہوگی۔
یاد رہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سےفائدہ اٹھانے والے غیرمستحق افراد سے متعلق تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آئیں تھیں، جس میں بتایا گیا تھا فہرست سے نکالے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں جبکہ صوبوں، وفاق کے افسران بھی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔
تفصیلات میں بتایا گیا تھا گریڈ17 سے 21 کے 2543 سرکاری افسران کو فہرست سے نکالا گیا، متعدد اعلیٰ سرکاری افسران بیویوں کے نام پر پیسے وصول کرتے رہے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران بی آئی ایس پی سے مستفید ہوئے۔