ویب ڈیسک: یورپی ملک یوکرین میں 2018 میں ’مس یوکرین‘ کا اعزاز حاصل کرنے والی 24 سالہ دوشیزہ ویرونیکا ددوسنکو سے جھوٹ بولنے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر اعزاز واپس لے لیا گیا۔
ویرونیکا ددوسنکو گزشتہ برس یوکرین کی سب سے خوبصورت لڑکی قرار پائی تھیں اور وہ ایک سال تک ’مس یوکرین‘ رہیں۔
ویرونیکا ددوسنکو ’مس یوکرین‘ منتخب ہونے کے بعد فلاحی منصوبوں میں مصروف ہوگئیں اور انہوں نے ملک بھر میں کافی شہرت بھی حاصل کی۔
ویرونیکا ددوسنکو کو مس یوکرین منتخب ہونے کے بعد عالمی سطح کے مقابلے حسن کے لیے بھیجا گیا، تاہم ’مس ورلڈ‘ کا عالمی مقابلہ حسن شروع ہونے سے قبل ہی انتظامیہ کو علم ہوا کہ وہ ایک بچے کی والدہ ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق مس ورلڈ کا انعقاد کرنے والی انتطامیہ کو جب معلوم ہوا کہ 24 سالہ ویرونیکا ددوسنکو 5 سالہ بچے کی والدہ ہیں تو انہوں نے مس یوکرین منتظمین کو آگاہ کیا۔
مس یوکرین کا مقابلہ منعقد کرنے والے منتظمین نے تفتیش کے بعد ویرونیکا ددوسنکو کو ایک 5 سالہ بچے کی والدہ قرار دیا۔
حسینہ نے اعتراف کیا کہ انہیں پالیسی کا علم تھا لیکن پھر بھی انہوں نے مقابلے میں حصہ لیا—فوٹو: انسٹاگرام
بچے کی والدہ ہونے کی بات چھپانے کے جرم میں ’مس یوکرین‘ کی انتظامیہ نے ویرونیکا ددوسنکو سے اعزاز واپس لے لیا، جس کے بعد انہیں ’مس ورلڈ‘ کے مقابلے کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا گیا۔
تنظیم کی جانب سے اعزاز واپس لیے جانے کے بعد ویرونیکا ددوسنکو نے تنظیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کردیا۔