نیووائز دُم دار ستارے کو کیسے دیکھا جاسکتا ہے؟ 1

نیووائز دُم دار ستارے کو کیسے دیکھا جاسکتا ہے؟

یہ 27 مارچ 2020ء کا دن تھا جب ناسا کی اسپیس ٹیلی سکوپ Neowise نے ایک ننھے مہمان کو سورج کی جانب آتے دیکھا… اگرچہ ایسے بہت سے مہمان آئے دن بِن بُلائے سورج کا چکر لگاتے رہتے ہیں، مگر اس مہمان کی آمد نے فلکیات دانوں کو چونکا دیا کیونکہ جب اس کا orbital path معلوم کیا گیا تو پتہ چلا کہ اس کا نظارہ ہم زمین سے بھی کرسکتے ہیں…. یہ بڑی خبر تھی کیونکہ 21ویں صدی میں اب تک ہم دو باراِس طرح کے دُم دار ستارے کا مشاہدہ کرچکے ہیں… یہ پانچ کلومیٹرکا ایک برفیلا پتھر ہے، جس نے 3 جولائی 2020ء کو سورج کا چکر لگایا اور اب یہ دوبارہ نظام شمسی کے کناروں کی جانب گامزن ہے، جب کوئی ایسا برفیلا پتھر سورج کے نزدیک پہنچتا ہے تو سورج کی حدت کی وجہ سے اِس پر جمی گیسز پگھلتی ہیں اور اس سے گیسز کا پریشر سے اخراج ہوتا ہے جو دُم کی شکل میں اِس کے پیچھے دکھائی دے رہی ہوتی ہیں…. سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ Neowise اب دوبارہ زمین کے پاس سے 7 ہزار سال بعد گزرے گا، یعنی اگلی بار جب یہ اِدھر آئے گا تو اس کی مہمان نوازی کون کرے گا؟ کسی کو نہیں معلوم کیونکہ اُس وقت ہماری ہڈیاں تک مٹی میں مل چکی ہونگی… جیسے جیسے دُنیا بھر سے اس دُم دار ستارے کی تصاویر شئیر ہورہی ہیں ویسے ویسے یہ سوال سب سے زیادہ پوچھا جا رہا ہے کہ Neowise کو کیسے آسمان پر ڈھونڈا جائے؟ اس سوال کا تفصیلی جواب ایک فلکیاتی سافٹ وئیر کی مدد سے دینے کی کوشش کی گئی ہے جسے آپ نیچے لنک پر موجود ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں… یہ دُم دار ستارہ 11 جولائی تک فجر کے وقت دکھائی دے گا اس کے بعد یہ شام کے وقت دکھائی دینا شروع ہوجائے گا، ماہرین فلکیات کے نزدیک 11 جولائی کو صبح فجر کے وقت شمال مشرق کی جانب اس کو دیکھا جاسکے گا، اگر آپ یہ موقع مس کردیتے ہیں تو 12 سے 22 جولائی تک شام کے وقت اسے شمال مغرب کی جانب دیکھ سکیں گے، مگر ان تاریخوں میں بھی 22 جولائی زیادہ اہم ہے کیونکہ یہ 22 جولائی کو زمین کے نزدیک ہوگا، دُم دار ستاروں کو دیکھنا تھوڑا tricky اس لئے ہوتا ہے کیونکہ ایک تو یہ چھوٹے ہوتے ہیں، جس وجہ سے یہ کم روشنی منعکس کررہے ہوتے ہیں اور دوسری اہم بات کہ یہ سورج کے نزدیک ہوتے ہیں لہٰذا ہمارے پاس ان کو locate کرنے کا انتہائی مختصر وقت ہوتا ہے، ہلکے سے بادل بھی ان کو چھُپا لیتے ہیں…. اگر آپ کے پاس معمولی دوربین یا ٹیلی سکوپ ہے تو آپ اس کا بآسانی نظارہ کرسکتے ہیں… نیووائز دُم دار ستارہ سورج کا چکر لگا کر اِس وقت نظام شمسی کے کناروں یعنی Oort cloud کی جانب گامزن ہے، جہاں اس جیسے کھربوں دُم دار ستارے موجود ہیں، اس کے ذریعے سائنسدان نظام شمسی کے کناروں اور نظام شمسی کے بننے کے متعلق اہم معلومات حاصل کریں گے… یہ ننھا مہمان کچھ دنوں کے لئے ہمارے نزدیک آیا ہوا ہے لہٰذا کوشش کیجیے کہ جولائی کے مہینے میں اِس کو الوداع کہنے کی لازمی کوشش کیجیے کیونکہ یہ اتنے لمبے سفر پر جارہا ہے کہ اب اس سے ہماری ملاقات دوبارہ کبھی نہیں ہوگی….

تحریر : محمد شاہ زیب صدیقی، اسلام آباد

نیووائز دُم دار ستارے کو کیسے دیکھا جاسکتا ہے؟ سائنسدانوں کا کیوں اندازہ ہے کہ یہ جلد تباہ ہوجائے گا؟ اس متعلق اہم معلومات جاننے کے لیے لنک پر کلک کیجیئے:

رؤیت ہلال، فلکیات، جغرافیہ اور خلائی سائنس کی اپ ڈیٹس اور مفید معلومات کےلئے ہمارا پیج لائک کرنا نہ بھولیں :
https://www.facebook.com/royatehilalupdates

Leave a Reply