نیلم منیر نے پرستاروں کو ’آئٹم سونگ‘ کرنے کی وجہ بتادی 1

نیلم منیر نے پرستاروں کو ’آئٹم سونگ‘ کرنے کی وجہ بتادی

اداکارہ نیلم منیر نے اپنے مداحوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’کاف کنگنا‘ میں آئٹم سونگ کرنے کی نہ صرف وجہ بتادی بلکہ آئندہ کبھی بھی سونگ آئٹم نہ کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

باصلاحیت اداکارہ نیلم منیر نے ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں یکساں طور پر کامیابیاں حاصل کیں۔ 2010ء میں ڈرامہ ’قید تنہائی‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی نیلم منیر نے 30 ڈراموں اور 5 ٹیلی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ڈراموں میں اپنی اداکاری سے نیلم منیر مداحوں کے دل تو فتح کر ہی چکی تھیں لیکن 2017 میں فلم ہدایت کاروں کی نگاہ انتخاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ انہوں نے ’چھپن چھپائی‘ اور ’رانگ نمبر 2‘ جیسی کامیابی فلمیں دیں جب کہ تیسری فلم ’کاف کنگنا‘ رواں برس ریلیز ہوگی جس میں نیلم منیر نے آئٹم سونگ کیا ہے۔

نیلم منیر کے پرستاروں کو اپنی پسندیدہ اداکارہ کا آئٹم سونگ میں پرفارم کرنا اچھا نہیں لگا اور سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے اعتراضات اُٹھائے جس پر نیلم منیر نے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں وضاحت پیش کی کہ ’ فلم کاف کنگنا‘ میں آئٹم سونگ کرنے کے لیے صرف اس لیے راضی ہوئی کیوں کہ یہ آئی ایس پی آر کا پروجیکٹ ہے۔

نیلم منیر نے مزید لکھا کہ یہ میرے فلمی کیرئیر کا پہلا اور آخری آئٹم سونگ ہے، میں جو بھی کرتی ہوں اس کا فخریہ اظہار بھی کرتی ہوں، پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے اور مجھے امید ہے شائقین فلم میری یہ فلم دیکھنے سینما گھر ضرور جائیں گے۔

Leave a Reply