ناقص ٹیکس نظام:12 کھرب سے زائد کا ٹیکس ریونیو خزانہ میں جمع نہ ہوسکا 1

ناقص ٹیکس نظام:12 کھرب سے زائد کا ٹیکس ریونیو خزانہ میں جمع نہ ہوسکا

اسلام آباد:ناقص ٹیکس نظام کی وجہ سے ملک بھر میں 12 کھرب روپے سے زائد کا ٹیکس ریونیو پھنسنے کا انکشاف ہوا ہے ۔وفاقی حکومت نے ٹیکس اصلاحات اور قانونی پیچیدگیوں کے خاتمہ کیلئے قوانین میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے ،جس کے تحت ایک کروڑ سے زائد کے ٹیکس نادہندہ کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرکے سخت کارروائی کی جائے گی،وزارت قانون اور ایف بی آر کو رواں ماہ 30 نومبر تک تفصیلی منصوبہ بندی کا ٹاسک دیدیا گیا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے قانونی پیچیدگیوں اور ناقص ٹیکس نظام میں تبدیلی کیلئے حکمت بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،جس کے تحت ٹیکس نظام ایسا بنایا جائے جس میں قانونی پیچیدگیوں میں کم سے کم پھنسا جائے ،اس وقت ایک اندازے کے مطابق ملک بھر میں ہزاروں کیسز ٹیکس نا دہندگان او رٹیکس چوروں کے خلاف چل رہے ہیں اس کی وجہ سے 12 کھرب روپے سے زائد کا ٹیکس ریونیو پھنسا ہوا ہے ۔دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے فوری طور پر ٹیکس نادہندگا ن سے 12 کھرب روپے کی وصولی کیلئے کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کیلئے فارمولہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،جس کا ٹاسک ایف بی آر اور وزارت قانون کو سونپ دیا گیاہے ،دستاویزات کے مطابق وزارت قانون ایف بی آر کی مشاورت سے ٹیکس انفوسمنٹ قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گی اور یہ بات طے کرے گی کہ ٹیکس چوروں کی سزائوں اور جرمانوں کا جائزہ لیکر مزید سخت قوانین بنائے جائیں ۔اس سلسلے میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف کریمنل کارروائی عمل میں لائی جائے گی،نان فائلرز کے خلاف مزید سخت قوانین بنائے جائیں گے ،ہر آر ٹی او اور ایل ٹی یو کا قانونی ونگ ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف کریمنل کارروائی او ر قانونی مسائل کے خاتمہ کا ذمہ دار ہوگا،اور کیسز کی اپیل کیلئے ٹائم لمٹ دی جائے گی،ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں خصوصی ٹیکس بنچز بنانے کیلئے وزارت قانون اقدامات کریگی

Leave a Reply