ناراض ایم کیوایم کو منانے میں پی ٹی آئی ناکام، خالد مقبول استعفے پر قائم 1

ناراض ایم کیوایم کو منانے میں پی ٹی آئی ناکام، خالد مقبول استعفے پر قائم

ویب ڈیسک : وفاقی وزیر اسدر عمر کی سربراہی میں تحریک انصاف کا وفد ناراض ایم کیو ایم کو منانے میں ناکام ہوگیا ہے۔

حکومت کی سب سے اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی کا وفد بہادرآباد میں واقع پارٹی کے عارضی مرکز پہنچا۔ اسد عمر کی سربراہی میں آنے والے وفد میں حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان اور فردوس شمیم نقوی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، عامر خان، کنور نوید جمیل سمیت دیگر نے استقبال کیا۔

مذاکرات کے دوران اسد عمر نے خالد مقبول صدیقی سے کہا کہ آپ کیوں ناراض ہوگئے، اب ناراضگی ختم کریں، ایم کیو ایم کے مطالبات درست ہیں انہیں ہمیشہ تسلیم کیا ہے، معاملات الگ ہونے سے نہیں مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل ہوں گے۔ جس پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں بات چیت نہیں نتیجہ چاہیے۔ ایک ارب دینے کے لیے کتنی منت سماجت کرنا پڑے گی اور ہم اپنے لیے نہیں بلکہ کراچی کا حق مانگ رہے ہیں۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی یہ مذاکرات نہیں تھے۔ ملاقات میں بہت سے قومی امور پر گفتگو ہوئی ہے، ہمیں اپنے تمام وعدے یاد ہیں کل کی پریس کانفرنس میں کوئی سنسنی خیزی نہیں تھی،ہم نے پہلے بھی کہا تھا حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پچھلے ہفتے ہماری اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی، کراچی کے منصوبوں پر ایم کیو ایم سے بات چیت ہوئی۔ ہم مستقبل میں بھی ساتھ مل کر چلیں گے، ایم کیو ایم کو بتایا معاملات کہاں تک پہنچ چکے ہیں۔ کراچی کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا، کراچی کے لیے162 ارب سے زیادہ کے منصوبے ہوں گے، وزیراعظم کراچی آکر مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ کبھی کبھی انسان کا دل کرتا ہے کابینہ میں نہ بھی ہو تو کوئی حرج نہیں ہے، 7 ماہ میں بھی کابینہ کے باہر گزار کر آیا ہوں۔ خالد مقبول صدیقی وزارت چھوڑنے کےفیصلے پرقائم ہیں، ہماری خواہش ہےکہ خالد مقبول صدیقی کابینہ کا حصہ رہیں۔

Leave a Reply