نادان لوگ فوج پر انگلیاں اٹھا کر ادارے کی تضحیک کر رہے ہیں، فردوس عاشق 1

نادان لوگ فوج پر انگلیاں اٹھا کر ادارے کی تضحیک کر رہے ہیں، فردوس عاشق

ویب ڈیسک : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نادان لوگ فوج پر انگلیاں اٹھا کر ادارے کی تضحیک کر رہے ہیں، افواج پاکستان کا مورال بلند رکھنا قومی فریضہ ہے۔

اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سول اور عسکری قیادت مل کر چیلنجز سے نبردآزما ہے، تمام ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، عالمی ادارے پاکستان کے معاشی استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے اپنے لہو سے ملک میں امن کے دیئے روشن کیے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان نے قربانیاں دیں، ہمارے جوانوں نے ہر محاذ پر دشمنوں کے دانت کھٹے کیے، عسکری قیادت نے جمہوری استحکام کے لیے بھرپورمعاونت کی، افواج پاکستان کا مورال بلند رکھنا قومی فریضہ ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ نادان لوگ فوج پر انگلیاں اٹھا کر ادارے کی تضحیک کر رہے ہیں، دفاع اور قومی سلامتی کے اداروں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اداروں کو ٹارگٹ کرنے سے قومی سلامتی داؤ پر لگ رہی ہے، آزادی اظہار رائے میں قومی سلامتی کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے، اداروں کو کمزور کرنے کی کسی سازش کا ہمیں حصہ نہیں بننا۔

Leave a Reply