(ویب ڈیسک): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی بڑھی تو طوفان برپا ہوا لیکن قیمتیں کم ہوئیں تو کوئی تذکرہ نہیں، مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب نے جو اقدامات اٹھائے ہیں انہیں اجاگر کیا جائے۔
پنجاب میں اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزرا، معاونین خصوصی، مشیران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں چینی کی طرز پر چکن اور گھی کی قیمتیں بھی مقرر کرے گی تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ چکن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں شرکا نے یہ فیصلہ کیا تاکہ چکن کی قیمتوں کو لگام دی جاسکے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی میڈیا ٹیم کو ٹاسک دیا کہ وہ حکومت کے اچھے اقدامات کو اجاگر کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی بڑھی تو طوفان برپا ہوا لیکن قیمتیں کم ہوئیں تو کوئی تذکرہ نہیں؟ مہنگائی پر کنٹرول کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کو اجاگر کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی پنجاب حکومت ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کو ہدایت دی کہ قیمتیں کم ہونے کا معاملہ اجاگر کیا جائے۔
Load/Hide Comments