ملکی برآمدات میں 15 فیصد کمی، تجارتی خسارہ 1 ارب 49 کروڑ 1

ملکی برآمدات میں 15 فیصد کمی، تجارتی خسارہ 1 ارب 49 کروڑ

اسلام آباد(ویب ڈیسک): کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث ملکی برآمدات میں 15 فیصد کمی آگئی اور گزشتہ ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 1 ارب 49 کروڑ ڈالررہا ہے۔
ادارۂ شماریات پاکستان کے مارچ 2020 میں ہونے والی درآمدات و برآمدات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ میں برآمدات 1 ارب 80کروڑ ڈالر رہیں اور فروری کے مقابلے میں گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ فروری 2020 کے دوران برآمدات 2 ارب 14 کروڑ ڈالر تھیں جبکہ مارچ 2019 میں برآمدات 1 ارب 97 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔ اس اعتبار سے مارچ 2019 کی نسبت مارچ 2020 میں برآمدات 8 فیصد گر گئیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران درآمدات کا حجم 3 ارب 29 کروڑ ڈالر جبکہ تجارتی خسارہ 1 ارب 49 کروڑ ڈالر رہا۔ اسی طرح رواں مالی سال میں اب تک 17 ارب 45 کروڑ ڈالر کی کل برآمدات رہیں۔ جولائی تا مارچ 2020 درآمدات کا کل حجم 37 ارب 81 کروڑ ڈالر رہا ہے اور رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 17 ارب 36 کروڑ ڈالر تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply