لنڈسے لوہان اورسعودی ولی عہد کی تعلقات پر اداکارہ کے والد کا ردعمل 1

لنڈسے لوہان اورسعودی ولی عہد کی تعلقات پر اداکارہ کے والد کا ردعمل

نیویارک: 

نامور امریکی اداکارہ، فیشن ڈیزائنر اور موسیقار لنڈسے لوہان کے والد نے اپنی بیٹی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تعلقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔

گزشتہ ماہ اداکارہ لنڈسے لوہان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان تعلقات کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں اور کہا جارہا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ دی نیویارک پوسٹ ٹیبلوئڈ پیج 6 کے ایڈیٹر کے مطابق لنڈسے لوہان اور سعودی ولی عہد نہ صرف ایک دوسرے کے قریب تھے بلکہ دونوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بھی ہوتا رہاہے، اور لنڈسے سعودی شہزادے کے نجی جہاز میں بھی گھومتی رہی ہیں، اس کے علاوہ انہیں محمد بن سلمان نے مہنگے تحائف بھی دئیے۔

تاہم لنڈسے لوہان کے والد مائیکل لوہان نےاپنی بیٹی کے سعودی ولی عہد کے ساتھ تعلقات کی خبروں کی تردید کی ہے۔ حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں مائیکل نے اپنی بیٹی اورسعودی ولی عہد کے تعلقات کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں صرف دوست ہیں اور دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔

مائیکل لوہان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی مشرق وسطیٰ میں بہت سے بااثر لوگوں کے ساتھ دوستی ہے۔ لنڈسے اور محمد سلمان کی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب ان کی بیٹی مشرق وسطیٰ میں مہاجرین کی مدد کرنے گئی تھی۔

مائیکل نے مزید کہا کسی نے بھی میری بیٹی کے اس اچھے کام کے بارے میں نہیں لکھا جو اس نے شامی پناہ گزین کی مدد کرکے کیا تھا، سب صرف بری باتیں اور افواہیں ہی سننا چاہتے ہیں۔ لیکن میں کہنا چاہتاہوں کہ میری بیٹی اورسعودی پرنس کے درمیان تعلقات کی نوعیت ویسی نہیں جیسا لوگ سوچتے ہیں بلکہ دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ ہے اور کچھ نہیں۔

جب مائیکل لوہان سے جمال خشوگی قتل کے بعد کھڑے ہونے والے تنازع کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ خشوگی کے قتل کے حوالے سے  ابھی تک کچھ بھی ثابت نہیں ہوا ہے۔ لنڈسے کے مطابق محمد بن سلمان بہت اچھے انسان ہیں اور وہ جب ان کے ساتھ ہوتی ہے تو خود کو محفوظ سمجھتی ہے۔

واضح رہے کہ اس  سے قبل بھی لنڈسے لوہان میڈیا کی خبروں کی زینت بن چکی ہیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اسکارف پہنے ہوئے تصویر شیئر کی تھی۔

 
 
 

Leave a Reply