لاہور کی مارکیٹوں میں امپورٹڈ چینی 83.5 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی 1

لاہور کی مارکیٹوں میں امپورٹڈ چینی 83.5 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی

(ویب ڈیسک): لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹوں میں درآمد شدہ چینی کو 83.5 روپے فی کلو فروخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ درآمد شدہ چینی کو تجارتی بنیادوں پر یا تھوک فروشوں کو فروخت نہیں کیا جائے گا۔
منگل کو لاہور کے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے مذکورہ نوٹیفکیشن کی تصدیق کردی۔
انہوں نے بتایا کہ فروخت شدہ چینی کا باقاعدہ ریکارڈ رکھتے ہوئے یہ چینی خوردہ فروشوں کو دی جائے گی۔ درآمد شدہ چینی کی ریٹ لسٹ کو نمایاں طور پر دکھایا جائے گا۔ امپورٹڈ چینی عام بازار سے 2 روپے کم، سہولت بازاروں میں 81.5 روپے فی کلوگرام پر فروخت ہوگی۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر نافذ کریں۔
ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کا عوام نے خیرمقدم کیا ہے اور امید ہے کہ اب مارکیٹوں میں کم قیمت والی چینی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ البتہ عوام میں یہ خدشات بھی گردش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو سستی چینی دینے کے بجائے یہ سامان تھوک فروشوں کو فروخت کیا جائے گا جس کے بعد اس کو زیادہ نرخوں پر مارکیٹ میں دستیاب کیا جائے گا۔
حکومت کو یہ یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے کہ درآمد شدہ چینی صرف گھریلو استعمال کے لئے فراہم کی جاتی ہے اور اسے ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

Leave a Reply