لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان کی موجودہ صورتحال 1

لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان کی موجودہ صورتحال

(ویب ڈیسک): ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1128تک پہنچ گئی ہے جب کہ وائرس سے 8 مریض جاں بحق اور 21 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1123 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں اب تک 421، پنجاب میں 345، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 84، خیبر پختونخوا میں 121جب کہ اسلام آباد میں 25 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں اب تک 8 افراد جاں بحق اور 21 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب؛
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں تمام وزرائے اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں جب کہ اجلاس میں لاک ڈاون پر مشاورت ہوگی اور ٹرانسپورٹ کی بندش سمیت کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افراتفری اور خوف پیدا نہیں ہونے دینا، لوگ ازخود احتیاط کریں، عوام کی آسانی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ادارے متحرک ہیں جب کہ اس وقت توجہ غریبوں کے راشن اور کھانے پینے کے انتظام پر ہے۔
سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے صوبے میں کرفیو لگانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے باوجود اس کی خلاف ورزی کی شکایات آرہی ہیں اور یہاں تک کہ دیہات میں اجتماعات منعقد کیے جارہے ہیں، اس لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے گزارش کروں گا اور تجویز کروں گا کہ جتنے سخت اقدامات کرنا ہے کریں اگر کرفیو لگانا پڑتا ہے تو لگادیں۔
سندھ بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چوتھے روز بھی لاک ڈاؤن جاری ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہیں جب کہ کاروبار زندگی مفلوج ہو چکاہے۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار اور مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود لیاری، بلدیہ، سرجانی، کیماڑی سمیت مختلف علاقوں میں کچھ شہری لاک ڈاؤن کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن تیسرے روز بھی جاری ہے، سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے شہر کے 14 داخلی اور خارجی پوائنٹس پر ناکے لگائے گئے ہیں جب کہ صرف سبزی، پھل، دودھ کی دکانیں، میڈیکل اسٹور، بیکریاں، گوشت اور کریانہ کی دکانیں کھلی ہیں۔
اسلام آباد میں پولیس نے لوگوں کا شہر میں داخلہ بند کردیا ہے، ترجمان موٹروے کے مطابق لاک ڈاؤن کے لئے تمام موٹر ویز کو آج سے بند کیا جارہا ہے تاہم مال بردار گاڑیوں، تیل کی ترسیل والی گاڑیوں اور ضروری اشیاء خورونوش والی گاڑیوں کو کم سے کم عملے کے ساتھ داخلہ کی اجازت ہوگی۔

Leave a Reply