فیصل ایدھی میں کرونا وائرس کی تصدیق، قرنطینہ میں چلے گئے 1

فیصل ایدھی میں کرونا وائرس کی تصدیق، قرنطینہ میں چلے گئے

کراچی(ویب ڈیسک): ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیاہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر عوام کو پیغام بھیجا کہ ہمیں اللّٰہ کا وعدہ بھولنا نہیں چاہیے، کیونکہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی بھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل ایدھی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کے مطابق میں 10 سے 15 روز کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہوا ، بدھ کو بخار اور سردرد کی شکایت ہوئی اور تین روز تک یہی علامات رہیں جس کے بعد میں نے کل کورونا کا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آ گیاہے۔ ان کا کہناتھا کہ بظاہر کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی لیکن ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، انہوں نے چند روز قبل اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کی تھیں اور وزیراعظم عمران خان کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی نے ڈاکٹروں کی ہدایت پر آئیسولیشن اختیار کرلی، تاہم وہ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب وزیراعظم عمران خان اور ان کی قریبی شخصیات کا بھی کورونا ٹیسٹ کیے جانے کاامکان ہے۔فیصل ایدھی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سندھ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے دی اور وہ پہلے ان کا ٹیسٹ کرچکے ہیں، جب فیصل ایدھی سے رابط کیاگیا تو انہوں نے بھی اس کی تصدیق کردی۔ ان کے صاحبزادے سعد ایدھی نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے 15 اپریل کو ملاقات کے بعد ہی ان کے والد میں علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی تھیں، یہ علامات چار دن تک رہیں جس کے بعد ٹیسٹ کیاگیا تو آج رپورٹ پازیٹو آگئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل ایدھی ابھی اسلام آباد میں ہیں اور ان کی طبیعت بہتر ہے، کسی ہسپتال میں داخل ہونے کی نوبت نہیں آئی تاہم وہ ازخود قرنطینہ میں ہیں۔

Leave a Reply