عمران اشرف کی پاکستانی سوشل میڈیا اسٹارکے ساتھ فلموں میں انٹری 1

عمران اشرف کی پاکستانی سوشل میڈیا اسٹارکے ساتھ فلموں میں انٹری

کراچی: 

ڈراما سیریل ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکارعمران اشرف پاکستانی سوشل میڈیا اسٹارکے ساتھ فلموں میں انٹری دینے جارہے ہیں۔

نامورپاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئرکی ہے جس میں انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اداکار عمران اشرف کے ساتھ فلم ’’دم مستم‘‘ بنارہے ہیں۔ عدنان صدیقی نے لکھا میں کب سے آپ سب کے ساتھ یہ خبر شیئرکرنے کے انتظار میں تھا اور اب بالآخر انتظار ختم ہوا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عدنان صدیقی کا پاکستان کے بہادر جوانوں کو دلکش انداز میں خراج تحسین

 

عدنان صدیقی نے کہا ہماری پروڈکشن کمپنی سیریل انٹرٹینمنٹ اپنا پہلا پراجیکٹ فلم ’’دم مستم‘‘ کے نام سے بنارہی ہے۔ جس میں پاکستان کے باصلاحیت اداکار عمران اشرف اداکاری کرتے نظر آئیں گے جب کہ ان کے مقابل اداکارہ امر خان مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ یہ پراجیکٹ بھی امر خان نے ہی تحریر کیا ہے۔

عدنان صدیقی نے مزید بتایا کہ فلم میں اداکار عمران اشرف اورامرخان کے ساتھ سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والے اسٹارمومن ثاقب بھی انٹری دینے جارہے ہیں۔ مومن ثاقب کو ورلڈ کپ کے دوران سوشل میڈیا پر اُس وقت شہرت ملی تھی جب انہوں نے پاک بھارت میچ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست پر روتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو کرکٹ چھوڑ کر دنگل کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔

مومن ثاقب فلم میں سپورٹنگ کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کی ہدایات احتشام الدین دیں گے جنہوں نے حال ہی میں ماہرہ خان اور بلال اشرف کی فلم ’’سپراسٹار‘‘ کی ہدایات دی ہیں۔ جب کہ فلم کے پروڈیوسر عدنان صدیقی خود ہیں۔ عدنان صدیقی نے اپنے پراجیکٹ کے حوالے سے بتایا کہ وہ جلد ہی اس بارے میں مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے، بس آپ سب کی دعاؤں اور سپورٹ کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply