لاہور(ویب ڈیسک): اداکارہ عظمیٰ خان کو ہراساں کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے جواب میں عثمان ملک کی اہلیہ آمنہ عثمان نے بھی ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے عظمیٰ خان کے ساتھ جو کچھ بھی کیا وہ بالکل ٹھیک تھا۔
اسی ویڈیو بیان کی ابتداء میں انہوں نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ ان کے شوہر عثمان ملک یا خود اُن کا ملک ریاض سے کوئی تعلق نہیں، البتہ ان کے شوہر کی ملک ریاض سے دور کی رشتہ داری ضرور ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر ملک ریاض کی بیٹی آمنہ عثمان کو ایک بنگلے میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کرتے اور اداکارہ عظمیٰ خان کو گالیاں دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دوسری جانب اداکارہ عظمیٰ خان نے بھی آمنہ عثمان کے خلاف تشدد اور ہراسانی کی ایف آئی آر درج کروائی ہے۔
خاتون صحافی اور اینکر پرسن شفاء یوسفزئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے اس ویڈیو بیان میں، جو دو حصوں میں ہے، آمنہ عثمان کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر عثمان ملک کا عظمیٰ خان کے ساتھ افیئر ہے جس پر وہ اداکارہ کو تین چار بار وارننگ دے چکی تھیں کہ وہ ان کے شوہر سے دور رہے مگر وہ باز نہ آئی۔
اس کے علاوہ ویڈیو میں دکھایا گیا وہ بنگلہ جسے عظمیٰ خان اپنی ملکیت بتا رہی ہیں، وہ دراصل ان کے شوہر عثمان ملک کا دوسرا مکان ہے جو انہوں نے عظمیٰ خان اور ان کی بہن کو رہائش کےلیے دے رکھا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عظمیٰ خان ان کے شوہر کی دولت دونوں ہاتھوں سے لُٹا رہی ہے۔
آمنہ عثمان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کی شادی کو 13 سال ہوچکے ہیں اور ان کا ایک گیارہ سالہ بچہ بھی ہے۔ ایسے میں انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی بچانے کےلیے جو کچھ بھی کیا، وہ بالکل ٹھیک تھا۔
انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسا اعتکاف تھا کہ جس میں ان کے شوہر عثمان ملک نے تین راتیں اسی بنگلے میں گزاریں؟ آمنہ عثمان کے مطابق، جب وہ بنگلے پر پہنچیں تو اندر شراب کا دور چل رہا تھا اور عظمیٰ خان جس چیز کو مٹی کا تیل بتا رہی ہیں وہ دراصل شراب تھی جو انہوں نے غصے میں اداکارہ پر انڈیل دی تھی۔
اس ویڈیو کے ردِعمل میں اب تک عظمیٰ خان یا عثمان ملک کی جانب سے مزید کوئی بیان نہیں آیا ہے۔
Load/Hide Comments