اسلام آباد(ویب ڈیسک): وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ٹی وی کے ذریعے انٹرنیشنل کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ عالمی ادارے ترقی پذیرممالک کو قرضوں پر ریلیف دیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے جو کہ دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، عالمی برادری سے کورونا کے غیر معمولی چیلنج پر بات کرنا چاہتا ہوں کہ کورونا کے ساتھ لوگوں کے بھوک سے مرنے کا بھی خدشہ ہے، عالمی ادارے اور رہنما اس صورتحال سے نکلنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیں، اس وائرس سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
My appeal to the international community, the UNSG & international financial institutions to respond positively to the dilemma confronting developing countries in the face of the COVID19 pandemic. #Global_Initiative_Debt_Relief pic.twitter.com/EfydRhfZhc
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 12, 2020
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنےعوام کے لیے 2.2 ٹریلین ڈالرکا پیکیج دیا، جاپان اپنےعوام کے لیے ایک ٹریلین ڈالرخرچ کر رہا ہے، جرمنی نے اپنےعوام کے لیے ایک ٹریلین یورو کا پیکیج دیا، ترقی یافتہ دنیا کورونا کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے ساتھ معاشی اثرات سے نمٹ رہی ہے لیکن ترقی پذیر ممالک کے لوگوں کو دہری پریشانی کا سامنا ہے وہ اپنے عوام کو ایک طرف وائرس اور دوسری طرف بھوک سے بچا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جو مسئلہ ہمیں درپیش ہے وہ دنیا کے اکثر ترقی پذیر ممالک کو بھی درپیش ہے، پاکستان 22 کروڑ لوگوں کا ملک ہے ہم صرف 8 ارب ڈالر خرچ کررہے ہیں، ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ صحت پر زیادہ خرچ کرسکیں، لوگوں کو بھوک سے موَثر طور پر بچانے کے لیے بھی وسائل کی کمی ہے اس صورت میں عالمی ادارے ترقی پذیر ممالک کے اس مسئلے کی طرف بھی توجہ دیں۔