ویب ڈیسک : گزشتہ روز نامزد کیے گئے سینیٹر سید شبلی فراز نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں ہو نیوالی تقریب میں ان سےحلف لیا۔ سینیٹر شبلی فراز کے پاس وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان ہو گا۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سینیٹ میں قائدایوان سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات کا عہدہ دیا تھا جبکہ عاصم سلیم باجوہ کو فردوس عاشق اعوان کی جگہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کیا گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ان اقدامات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سینیٹر شبلی فراز اس وقت سینیٹ میں قائد ایوان ہیں جبکہ ان کا شمار تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ شبلی فراز نے اپنی سیاست کا آغاز بھی تحریک انصاف سے ہی کیا۔ وہ معروف شاعر احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔
دوسری جانب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کے پاس سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کا عہدہ بھی ہے۔ انھیں گزشتہ سال نومبر میں چار سال کیلئے اس اہم عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ پاک فوج کے سابق ترجمان اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔