ویب ڈیسک : مس ورلڈ کا تاج پہننے والی ٹونی نے ٹوئٹر پر اپنی خوشی دنیا بھر کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا خود پر یقین رکھیں کہ آپ اپنے خوابوں کو حاصل کرنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے تمام خواتین سے مخاطب ہوکر کہا یہ تاج میرا نہیں بلکہ آپ کا ہے۔
23 سالہ ٹونی آن سنگھ نے فلوریڈااسٹیٹ یونیورسٹی سے سائیکلوجی اور وومن اسٹڈی میں گریجویشن کیا ہے۔ ٹونی نے برطانوی صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا مجھے لگتا ہے میں کسی خاص چیز کی نمائندگی کرتی ہوں، عورت کی ایک ایسی نسل کی جو دنیا کو تبدیل کرنے کے لیے آگے بڑھ رہی ہے۔ ٹونی نے اس موقع پر اپنی ماں کو اپنی آئیڈیل قرار دیا۔
ٹونی کو گزشتہ برس مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے والی میکسیکن حسینہ نے تاج پہنایا تو پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ مس ورلڈ کے فائنل کی رنر اپ مس فرانس اور مس انڈیا رہیں۔ یہ چوتھی بار ہے کہ جمیکا سے تعلق رکھنے والی حسینہ کے سر پر حسینہ عالم کا تاج سجا ہے۔ اس سے قبل 1963، 1976 اور 1993 میں جمیکا سے تعلق رکھنے والی خواتین مس ورلڈ کا اعزاز جیت چکی ہیں۔
یہ پہلی بار ہے کہ خوبصورتی کے تمام اعزاز مس ٹین امریکا، مس امریکا، مس یونیورس اور مس ورلڈ کی ونر سیاہ فام خاتون رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی سیاہ فام دوشیزہ زوزی بینی نے مس یونیورس کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔