(ویب ڈیسک): سپریم کورٹ نے چیک ڈس آنر کیس میں ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری مستردکردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیک ڈس آنر کیس میں ملزم کی ضمانت قبل ازگرفتاری پر سماعت ہوئی،جسٹس قاضی امین نے کہاکہ فوجداری کیس میں ملزم کی گرفتاری لازمی ہے، گرفتاری نہ ہو تو نظام عدل ہی ختم ہو جائے گا، ملک میں نظام عدل تقریباً پہلے ہی ختم ہو چکا ہے، جسٹس قاضی امین نے استفسار کیا کہ کیا چیک کی بھی چوری ہو سکتی ہے؟ ،ملزم کیسے دعویٰ کر سکتا ہے چیک چوری ہوئے۔
جسٹس قاضی امین نے کہاکہ پہلے چوری کی تعریف پڑھ لیں،بعض چیزیں چوری نہیں ہو سکتی، جیسے کسی کا ایمان چوری نہیں ہو سکتا،بعض چیزوں کو چرانے پر پرچہ نہیں ہوتا، جیسے دل چرانے پر مقدمہ نہیں، ضمانت قبل از گرفتاری کا قانون 1949 سے بہت واضح ہے،عدالت نے چیک ڈس آنر کیس میں ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری مستردکردی۔
