(ویب ڈیسک): موسم سرما سے بہار کی آمد تک پھلوں کے ٹھیلے اور دکانیں سٹرس فروٹس سے لدی ہوتی ہیں۔ کچھ لوگ سردیا ہوں یا گرمی کے دن ترش اور کھٹے پھل نہیں کھاتے۔ ان کے خیال میں حلق کی بیماریاں ترش پھلوں کے کھانے سے بھی ہو سکتی ہیں۔ لیکن ماہرین طب اور غذائی ماہرین کہتے ہیں قدرت نے بیشتر سٹرس فروٹ کو سردیوں میں متعارف اس لئے کرایا کہ ان دنوں میں انسانی جسم کو سرد موسم کی شدت سے بچاؤ کے لئے خاطر خواہ حد تک وٹامن سی درکار ہوتا ہے۔ یہی وٹامن قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔
جسم میں بہت سے مختلف قسم کے عمل وٹامن سی کی موجودگی کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتے جیسے جسم میں ہارمونز کی پیداوار کے لئے، دانتوں اور مسوڑھوں کی مضبوطی، ہڈیوں میں کیلشیم کے جذب ہونے کے لئے، بالوں کی مضبوطی اور چمک کے لئے، جلد کی لچک اور خوبصورتی کے لئے، پٹھوں کی مضبوطی، معدہ اور گلے کے کینسر تک سے محفوظ رکھنے کے عمل میں بھی اسکا اہم کردار ہے۔یوں تو سٹرس میں چکوترا موسم کے آغاز ہی میں بازاروں میں آجاتا ہے پھر میٹھی موسمبی، مالٹا، سنگترہ، کینو اور مندارین آجاتے ہیں۔
چکوترا بے ہنگم موٹاپے کا شکار افراد کے لیے بے حد معاون پھل ہے۔ ا س ترش پھل میں چکنائی زائل کرنے کی خصوصیت بدرجہ اتم موجو ہے۔ علاوہ ازیں بڑھے ہوئے بلڈ پریشر اور خراب کولیسٹرول کے لئے بہترین غذائی علاج ہے۔
اگر یہ پھل آپ کو ترش معلوم ہوتا ہے تو تھوڑا سا نمک (اگر بلڈ پریشر بڑھا ہوا نہیں) شہد اور سیاہ مرچ چھڑک کر کھانے سے ذائقہ لذیذ ہو جاتا ہے۔
اس پھل میں حرارے (کیلوریز) بہت ہی کم ہیں اور غذائیت کئی گناہ بڑھ کر ہے۔ پورا پھل کھانے سے ہمیں فائبر، پوٹاشیم، وٹامن اے اور سی کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹس ملتے ہیں۔
یہ اینٹی کینسر ہے اور دمے کی تکلیف دور کرنے والا پھل ہے۔ اس میں 19فیصد پانی موجود ہے لہذا جسم میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے بھی بہترین تریاق ہے۔
موسم سرما میں لوگ پانی کم پیتے ہیں لیکن اگر وہ سٹرس فروٹس کو خوراک کا حصہ بنالیں تو صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وٹامن سی یوں بھی دیگر عارضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ جلد کی بدنمائی اور بے رونقی دور کرنے میں مدددیتا ہے۔
100ملی لیٹر چکوترے کے غذائی اجزاء:
وٹامن سی۔۔۔۔۔38ملی گرام
پوٹاشیم۔۔۔۔۔۔129ملی گرام
غذائی فائبر۔۔۔۔18ملی گرام
فولک ایسڈ۔۔۔۔18ملی گرام
چکوترے کا رس یا فائبر کی شکل میں پھل ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بہترین خوراک ہے۔
Load/Hide Comments