سندھ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا اعلان 1

سندھ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اگلے 2 ہفتے کے لئے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ کنسٹرکشن انڈسٹری اور پلمبر، درزی اور حجام کی دوکانوں پر بھی پابندی بادستور عائد رہے گی۔
سندھ اسمبلی آڈیٹیوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیسٹنگ کٹس آگئی ہیں تاہم ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھائیں گے، 500 ٹیسٹ کر رہے ہیں تو 50 مریض سامنے آرہے ہیں، صوبے میں اموت کی شرح 2.4 فیصد ہے جب کہ 560 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں تاہم اگر کوئی سمجھ رہا ہے کورونا پاکستان میں دنیا سے کم ہے تو غلط ہے، ایسا لگ رہا ہے کورونا کیسز رپورٹ نہیں ہو رہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی زندگی کے بارے میں سوچنے کا وقت ہے، سندھ میں اموات کی شرح 2.4 ہوگئی ہے، جو بہت تشویشناک ہے، کورونا کے بعض مریضوں کی اسپتال پہنچنے کے 24 گھنٹے میں موت واقع ہوگئی، بعض مریض ایسے بھی آئے کہ انہیں اسپتال مردہ حالت میں پہنچایا گیا، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے پھیپھڑے متاثر ہوئے، اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کورونا کے ہی کیسز ہیں، 15 کیسز ایسے ہیں جن کی ہم نے تدفین کورونا کے مریضوں کی طرح کروائی جب کہ کچھ ایسی اموات بھی ہیں جو رپورٹ نہیں ہو رہیں، 100 کے قریب اموات ایسی ہیں جن پر کورونا کا شبہ ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کوئی تو وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے 14دن لاک ڈاؤن بڑھایا ہے، لاک ڈاؤن کھولنے نہیں اسے مزید سخت کرنے کی بات ہوئی ہے لہذا اگلے 14 دن لاک ڈاؤن مزید سخت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صبح 8 سے شام 5 بجے تک لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رہے گی جب کہ ہم نے پلمبر، درزی اور حجام کو دکانیں کھولنے سے منع کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کنسٹرکشن انڈسٹری کھولنے کی کیا ضرورت ہے، کوئی تعمیراتی سائٹ کھلی نہیں ہونی چاہیے، بلڈر کو پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی، کوئی ریسٹورنٹ کھولے گا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی تاہم ہوم ڈلیوری پر ایس او پیز کو فالو کرنا ہو گا۔

Leave a Reply