(نیٹ نیوز) سانحہ آرمی پبلک سکول کو 5 سال بیت گئے ہیں مگر سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین آج بھی غم اور اداسی کی تصویر بننے ہوئے ہیں۔ملک بھر میں آج شہدا کی پانچویں برسی منائی جارہی ہے اس سلسلے میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ شمعیں بھی روشن کی جا ئینگی جبکہ شہدائے کیلئے فاتحہ خوانی اورقرآن خوانی بھی کی جائیگی۔پشاورمیں مرکزی تقریب آرمی پبلک سکول میں ہوگی جس میں عسکری حکام سمیت شہدا کے والدین شر یک ہونگے جبکہ ملک بھر میں مساجد ،سکولوں ،سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں بھی تقریبات منعقد ہونگی جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیاجائیگا۔ ادھر کنٹو نمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے برسی کے موقع پر شہداء کی تصاویر سڑکوں پرآویزاں کی گئی ہیں ۔ ہر بینر پر ایک تصویر لگائی گئی جس کے نیچے شہید کا نام درج ہے ۔ یوتھ پارلیمنٹرینز کے زیر اہتمام آرکائیو ز لائبریری پشاور میں دعائیہ تقریب اور ختم القران کا اہتمام کیا گیا جبکہ شرکا نے لائبریر ی سے پشاورپریس کلب تک واک بھی کی ۔ شر کاء نے شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں ۔واک میں شہدا ئکی ماؤں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ والدین کی آنکھیں نم رہیں، وہ اپنے بچوں کو یاد کرکے روتے رہے جس سے ماحول سوگوار رہا ۔ دوسری جانب شہدا کے لواحقین کی جانب سے خیبربازار سے یادگار شہداء تک ریلی نکالی گئی اور شمعیں جلائی گئیں ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں شہداکو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔ 16دسمبر 2014 کے دن کو پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پوری قوم ان غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ،دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں اور اس کے سدباب کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ آرمی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جا ئیگی،پاکستان میں قیام امن کی تاریخ میں معصوم بچوں کی قربانی جلی حروف سے لکھی جائے گی، غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس ناقابل تلافی نقصان پر ان کے صبر واستقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے برسی کے موقع پر شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے اس دلخراش واقعہ کوکسی طور پر بھی بھلایا نہیں جاسکتا ،قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ نے پوری قوم کو متحد کردیا ۔ واضح رہے کہ 16 دسمبر2014 کو6 دہشتگردوں نے صبح کے وقت سکول پر حملہ کرکے 149افراد کو شہید کردیا تھا ۔ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ نے آپریشن کرکے تمام حملہ آواروں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ 2 دسمبر2015ء کو ملوث 4 دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکادیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments