سارہ خان جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی 1

سارہ خان جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی

خوبرو اداکارہ سارہ خان جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں جس کے لیے جیون ساتھی کے انتخاب کا اختیار انہوں نے پہلے ہی اپنے والدین کو دے دیا تھا۔

اداکارہ سارہ خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اداکار آغا خان سے منگنی ختم ہونے کے بعد اب وہ والدین کی پسند سے شادی کریں گی اور اس حوالے سے چند ہی دنوں میں اپنے مداحوں کو خوش خبری سنائیں گی۔

سات سال قبل ڈرامہ ’بڑی آپا‘ میں شرمین کے کردار سے کیرئیر کا آغاز کرنے والی سارہ خان نے اپنے حسن، دلکش اداؤں اور اداکاری سے سب کے دل کے موہ لیے تھے۔ وہ 2012ء سے اب تک 25 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔
دیوار ’شب ڈرامے‘ میں گیتی آرا کا کردار نبھانے والی سارہ خان اور اداکار آغا خان کے درمیان پیدا ہونے والی قربت منگنی کے رشتے میں تبدیل ہوئی جس پر دونوں ہی بہت خوش تھے تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصے قائم نہیں رہ سکا تھا۔

’بند کھڑکیاں‘ نامی ڈرامے میں بھی سارہ خان اور اداکار آغا علی نے ایک ساتھ کام کیا لیکن ان کے درمیان محبت کی کھڑکی ہمیشہ کے لیے بند ہوگئی۔ ناکام محبت نے سارہ خان کے کیرئیر پر منفی اثر چھوڑا تاہم جلد ہی انہوں نے خود کو سنبھال لیا۔

سارہ خان نے پچھلی تمام باتوں کو بھلاتے ہوئے اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھی اور ساتھ ہی جیون ساتھی منتخب کرنے کا اختیار والدین کو دے دیا تھا اور اب چند دنوں میں سارہ خان اپنی شادی کا اعلان کرنے والی ہیں۔

Leave a Reply