اسلام آباد:نیب کی حراست میں موجود آصف علی زرداری کوعلاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کی تجویزپرحکومت اورپیپلزپارٹی کے مابین مشاورت جاری ہے ۔صحت میں بہتری نہ ہونے پرعلاج کے لیے بیرون ملک روانگی کے آپشن بھی مشاورت کی گئی ہے ۔پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری کوعلاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کے معاملے پرحکومت اورپیپلزپارٹی کے ایک مشترکہ دوست کے توسط سے علاج پرائیوٹ طورپرکرانے پرمشاورت ہوئی ہے ۔سابق صدرآصف علی زرداری کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ انہیں علاج کے لیے اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا جائے ،سابق صدرآصف علی زرداری اس سے قبل بھی کراچی میں زیرعلاج رہے ہیں جبکہ ان کے ذاتی معالجین بھی کراچی میں ہیں۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری کراچی میں علاج معالجے پرزیادہ اطمنیان محسوس کریں گے ،سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوستوں نے ان کی صحت پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت کو پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بٹھانے پربھی آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے ،حکومتی میڈیکل ٹیم کی رپورٹ میں سابق صدرزرداری کے دل کے پاس کلاٹ کی موجود گی کو ان کی زندگی کے لیے سخت خطرے سے تعبیرکرتے ہوئے حکومت کواس بات پرآمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سرکاری علاج کی بجائے سابق صدراوران کے اہل خانہ کواپنی مرضی کے معالج سے علاج کرانے کے لیے سابق صدرکوکراچی منتقل کردیا جائے ۔دوسری جانب سابق صدرآصف علی زرداری کواہم شخصیات کی ثالثی اورضمانت پربیرون ملک علاج کی سہولت فراہم کرانے کے لیے بھی مشترکہ دوست سرگرم ہیں جنہوں نے حکومت سے ابتدائی رابطوں میں آصف علی زرداری کے بیرون ملک علاج کے معاملے پربھی تجاویز حکومت کوپیش کردی ہیں۔