دنیا کا پہلا اسمارٹ فون جس کی اسکرین کے اندر ہی ایک فرنٹ کیمرا نصب کیا گیا، جلد فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے 1

دنیا کا پہلا اسمارٹ فون جس کی اسکرین کے اندر ہی ایک فرنٹ کیمرا نصب کیا گیا، جلد فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے

بیجنگ(ویب ڈیسک): چائنیز ٹیکنالوجی کمپنی زیڈ ٹی ای نے اعلان کیا ہے کہ اس کا نیا اسمارٹ فون ’’زیڈ ٹی ای ایگزون 20 فائیو جی‘‘ اسی مہینے میں فروخت کےلیے پیش کردیا جائے گا۔ فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس ہونے کے علاوہ، یہ دنیا کا وہ پہلا اسمارٹ فون بھی ہوگا جس کی اسکرین کے اندر ہی ایک فرنٹ کیمرا نصب کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق، اسمارٹ فون اسکرین کے اندر کیمرا سمونے کےلیے پانچ الگ الگ ٹیکنالوجیز کو یکجا کیا گیا ہے جو الگورتھم سے لے کر ڈسپلے ڈیزائن تک پھیلی ہوئی ہیں۔
اسکرین میں نصب یہ کیمرا 2 میگا پکسل جتنی تصویر کھینچ سکے گا جسے موبائل فوٹوگرافی میں موجودہ رجحانات مدنظر رکھتے ہوئے ’’قابلِ قبول‘‘ قرار دیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ دوسری کئی موبائل کمپنیاں بھی اسمارٹ فون اسکرین کے اندر کیمرا نصب کرنے کی ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہیں لیکن زیڈ ٹی ای نے ایسا پہلا موبائل فروخت کےلیے پیش کرکے سبقت حاصل کرلی ہے۔
موبائل ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس سے پتا چلا ہے کہ ’’ایگزون 20 فائیو جی‘‘ اسمارٹ فون 10 ستمبر 2020 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 55 ہزار سے 70 ہزار پاکستانی روپوں کے درمیان ہوگی۔

Leave a Reply