ویب ڈیسک :گورنر ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے آئین کے آرٹیکل 132 کی دفعہ 3 کے تحت سینیئر صوبائی وزیر عاطف خان، وزیر صحت شہرام تراکئی اور وزیر مال و ریونیو شکیل احمد سے ان کے قلمدان واپس لے لئے ہیں، یہ تینوں اب کابینہ کا حصہ نہیں اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ بلوچستان اور پنجاب کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے آغاز کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی عاطف خان، شہرام ترکئی اورشکیل احمد کی جانب سے محمودخان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی کوششیں شروع کی گئیں تاہم وزیراعلی محمود خان نے پہلے مرحلے میں شہرام ترکئی سے بلدیات کی وزارت لیتے ہوئے انھیں صحت کامحکمہ حوالے کیاتاہم جب بغاوت ختم ہونے کی بجائے بڑھتی چلی گئی توانہوں نے تینوں وزراء کوکابینہ سے فارغ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں وزراء کو فارغ کرنے کے لیے وزیراعلی نے وزیراعظم عمران خان سے ہدایات لی ہیں جس کے بعد یہ ایکشن لیا گیا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ہی 3 نئے وزراء کابینہ کاحصہ بنائے جائیں گے۔