حکومت کا اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، مراد راس 1

حکومت کا اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، مراد راس

(ویب ڈیسک): پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ حکومت کا اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیونکہ کووڈ نائنٹین کے معاملات میں حالیہ اضافہ تشویشناک نہیں ہے۔
یہ اعلان صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے سوشل میڈیا ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا۔ صوبائی وزیر نے اپنی ٹوئیٹ میں یقین دلایا کہ حکومت پنجاب صوبے کے اسکولوں میں کورونا کیسز پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں وقتاً فوقتاً کورونا کی جانچ کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں صرف معمولی سا اضافہ ہوا ہے، تاہم اس میں کچھ بھی تشویشناک نہیں ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اس صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر تجزیہ کیا جاتا ہے اور ابھی حکومت کے پیش نظر اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اسکولوں کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ایس او پیز اور ہدایات پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جولائی کے بعد سے، کورونا کے یومیہ کیسز 1000 کے ہندسے کو عبور کرچکے ہیں اور اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ ملک ایک تشویشناک صورتحال کی طرف گامزن ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث بہت سے شہروں میں لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں