ویب ڈیسک: متعدد عام چیزیں کچن سے باہر بھی بہت کچھ کرسکتی ہیں جن میں سے ایک سوڈیم بائی کاربونیٹ المعروف بیکنگ سوڈا بھی ہے۔
نرم ریگ مال سے لے کر بدبو دور کرنے کے تک، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بیکنگ سوڈا کسی جادوئی سفوف سے کم نہیں۔
اس کیمیائی مرکب کے متعدد حیرت انگیز استعمال آپ کو دنگ کردیں گے اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ بیکنگ سوڈا بہت سستا ہوتا ہے تو ہزاروں روپے کی بچت بھی کراسکتا ہے۔
سنک کی صفائی
بیکنگ سوڈا نرم ریگ مال کی طرح کام کرسکتا ہے اور اسی وجہ سے سنک کی صفائی کے لیے کارآمد ہے۔ بس سنک پر مختلف جگہوں پر اس کو چھڑکیں اور پھر اسفنج سے رگڑیں، اگر اس میں لیموں کے عرق کی کچھ مقدار کو شامل کردیں تو بو بھی دور کی جاسکتی ہے۔ بیکنگ سوڈا سے سنک کو رگڑنے کے بعد اسے سرکے اور گرم پانی سے دھولیں، ایسا کہا جاتا ہے کہ اس سے سنک کے بند پائپ کو بھی کھولا جاسکتا ہے تاہم اکثر یہ موثر نہیں ہوتا۔
غذائی اشیا کی صفائی
ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بیکنگ سوڈا پھلوں اور سبزیوں پر کیڑے مار ادویات کے ذرات کو نکالنے کے لیے موثر حل ہے، بس کسی صاف پتیلی یا سنک کو پانی سے بھر کر اس میں 4 چائے کے چمچ بیکنگ سوڈا کو شامل کردیں، اس میں پھلوں یا سبزیوں کو 5 منٹ تک بھگو کر رکھیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھو کر خشک کرلیں۔
فریج سے بساند دور کریں
بیکنگ سوڈا کو ایک کھلے ڈبے میں ڈال کر فریج کے اندر رکھ دیں یا ہر اس جگہ چھڑک دیں جہاں بساند محسوس ہوتی ہے، یہ سفوف اس بو کو اپنے اندر جذب کرلے گا۔
تولیے کے لیے بھی مفید
اگر تولیے سے بو محسوس ہوتی ہے تو اس کے لیے آدھا کپ بیکنگ سوڈا معمول کے سرف کے ساتھ ملا کر اسے دھولیں، وہ بو دور ہوجائے گی۔
قالین سے دھبے مٹائیں
اگر کارپٹ یا قالین پر داغ لگ گیا ہے تو کچھ مقدار میں بیکنگ سوڈا اس کے اوپر چھڑک کر صاف کریں تو وہ مٹ سکتا ہے، اس کے علاوہ تھوڑا سا سرکہ اور پھر بیکنگ سوڈا چھڑک دیں اور خشک ہونے دیں، اس کے بعد صاف کرلیں۔
جوتے سے بدبو کم کریں
اگر جوتوں میں بدبو سے پریشان رہتے ہیں تو ان کے اندر بیکنگ سوڈا چھڑک کر ایک دن کے لیے چھوڑ دیں اور پھر یہ سفوف باہر نکال دیں، آپ کچھ مقدار میں یہ سوڈا جرابوں پر چھڑک کر انہیں جوتوں کے اندر رکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح اگر کپڑوں میں بو پیدا ہوگئی ہے اور دھونے کا وقت نہیں، تو ان کو ایک بیگ میں ڈال کر اوپر سے بیکنگ سوڈا چھڑک دیں۔
ناخنوں کو ہموار بنائیں
3 حصے بیکنگ سوڈا اور ایک حصہ پانی کو ملاکر مکسچر بنائیں جسے ناخنوں کی سطح کو ہموار بنانے کے لیے رگڑنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
شاور کی صفائی
بیکنگ سوڈا شاور کو بھی چمکا سکتا ہے، لیموں کے عرق یا سرکے کی کچھ مقدار میں اس کو ملا کر شاور کو صاف کرلیں۔ اس کے علاوہ ایک کھانے کا چمچ بیکنگ سوڈا، ایک چائے کا چمچ نمک اور تھوڑا سا سرکہ ملائیں اور اس پیسٹ سے شاور پر موجود صابن کے داغوں کو صاف کرلیں۔
ڈنک اور پھانس نکالنے کے لیے موثر
کسی طرح کا ڈنک ہو یا لکڑی کی پھانس، بیکنگ سوڈا اور پانی کو ملاکر لگانا مددگار ثابت ہوسکتا ہے جبکہ سورج کی جلن اور جلد کے دیگر امراض سے بھی ریلیف مل سکتا ہے۔
فضا خوشگوار بنائیں
جی ہاں بیکنگ سوڈا کو گھریلو ساختہ ائیر فریشنر کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، بیکنگ سوڈا اور لیموں کے تیل کو ایک چھوٹے جار میں ڈال دیں اور اسے ڈھکن کی جگہ کپڑے کے ایک ٹکڑے سے ڈھک کر دھاگے سیل کردیں، اسے جس جگہ چاہے رکھ دیں
برش اور کنگھے کی صفائی
کنگھے اور برش سے بالوں کو نکال کر انہیں بیکنگ سوڈا، شیمپو اور پانی کے مکسچر میں 30 سے 60 منٹ کے لیے بھگو دیں اور پھر گرم پانی سے دھولیں۔
منہ کے چھالے سے نجات
یہ تصور کرنا ہی مشکل ہے کہ منہ کے اندر ایک چھوٹا سا زخم یا چھالا کتنی تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ اس تکلیف سے فوری نجات کے لیے ایک کپ گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا چمچ سے اچھی طرح مکس کرلیں اور پھر ہر دو گھنٹے بعد اس محلول سے کلیاں کریں۔
اوون کی صفائی
بیکنگ سوڈا کو صابن اور پانی کے ساتھ ملا کر ایک پیسٹ بنائیں اور اس سے اوون اور چولہے کو صاف کریں، اس پیسٹ سے مائیکرو ویو اوون کو بھی صاف کیا جاسکتا ہے۔
قالین سے بو دور کریں
کارپٹ اور قالین پر بیکنگ سوڈا کو چھڑک دیں اور کچھ دیر بعد ویکیوم کلینر سے صاف کرلیں، اس سفوف میں بو دور کرنے والے اثرات بو کو ختم کردیں گے، اسے بستروں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسفنج کی صفائی
کچن کے بدبو دار اسفنی جو نئی زندگی دینے کے لیے اسے بیکنگ سوڈا اور پانی کے سلوشن میں بھگو دیں اور کچھ دیر بعد نکال لیں، تاہم اسفنج زیادہ پرانا ہو تو پھر یہ طریقہ استعمال نہ کریں بلکہ اسے پھینک دیں تو بہتر ہے۔
نیچرل ڈیوڈورنٹ بنائیں
میک اپ برش کو استعمال کرکے اسے بیکنگ سوڈا پر پھیریں اور بغلوں کے اندر پھیرلیں۔
