بیروت(ویب ڈیسک): لبنان میں بیروت بندرگاہ پر کیمیکل کے ذخیرے میں دھماکے کے مقام کے قریب ایک بار پھر خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس پر قابو پانے کے لیے فوج اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ماہ قبل بیروت بندرگاہ پر رکھے کیمیکل کے ذخیرے میں خوفناک دھماکے میں آدھا شہر تباہ اور 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے، تاحال ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے جس کے دوران ایک مرتبہ پھر خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔
فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ بندرگاہ کے ویئر ہاؤس میں لگی جہاں بڑی مقدار میں آئل اور ٹائرز کا ذخیرہ موجود ہے، کم سے کم نقصان کے لیے امدادی کاموں کو دن رات شفٹوں میں جاری رکھا گیا ہے۔
DEVELOPING: A huge cloud of smoke is seen rising from the fire that erupted at the Port of Beirut, as firefighters are dealing with the scene pic.twitter.com/aZSyTnSbm6
— Bloomberg QuickTake (@QuickTake) September 10, 2020
رواں ہفتے میں یہ دوسری بار اچانک بھڑکی ہے تاہم اس بار شدت کئی گنا زیادہ ہے، آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے اور پورا علاقہ دھوئیں کے کالے بادلوں میں چھپ گیا۔ امدادی کام کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا۔
فوج کی مدد سے فائر بریگیڈ کی درجن گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، کسی کو بھی بندرگاہ کے متاثرہ حصے میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ تاحال کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔