کراچی:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کابینہ کے بعض ارکان کی خراب کارکردگی پرشدید تنقید کرتے ہوئے کھری کھری سنادیں۔کارکردگی بہتربنانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا اشارہ بھی دیدیا۔گزشتہ روز بلاول نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا اورکابینہ اراکین سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزرا،معاونین خصوصی اور مشیروں نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔بلاول نے کارکردگی رپورٹس پر وزراکو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بعض کابینہ ارکان کی ناقص کارکردگی سیاسی جدوجہد پرپانی پھیررہی ہے ،کابینہ ارکان قبلہ درست کریں ورنہ میرے پاس بہت سے آپشن ہیں،اب زیادہ برداشت نہیں کروں گا،
انہوں نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کاموں اورذاتی تشہیرکے بجائے حلقے اورمحکموں پرتوجہ مرکوزکریں،انہوں نے بلدیات اورصحت کے محکموں کو بھی ہدف تنقید بنایا اورکچھ وزرا کو نام سے مخاطب کرکے کارکردگی بہتربنانیکی تاکید کی۔پی پی چیئرمین نے کہاکہ سندھ حکومت پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر مزیدسکیمیں لائے ۔بلاول نے کہا کہ وفاق سندھ کوجائزحصہ نہیں دے رہا اب توپی ٹی آئی کے اتحادی پیرپگارا بھی بول پڑے ہیں،ایم کیوایم نے بھی کہا کہ 162ارب نہیں دیئے جارہے ۔دریں اثناصوبائی وزیراطلاعات سعید غنی نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ پارٹی چیئرمین نے تمام وزرا،مشیران اورمعاون خصوصی پرزور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو تیزی سے حل کریں۔