آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 86 اعشاریہ 2 اوورز میں 240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل بھی ختم ہوگیا۔ آسٹریلیا اپنی اننگز کا آغاز کل کرے گا۔
پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے جب باقی کھلاڑیوں میں اظہرعلی 39، محمد رضوان 37، شان مسعود 27 اور یاسر شاہ نے 26 رنز بنائے۔حارث سہیل اور بابر اعظم نے ایک، ایک جب کہ افتخار احمد اور نسیم شاہ نے 7،7 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ عمران خان 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو اننگز کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 74 کے اسکور تک ایک بھی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا تاہم صرف 4 رنز کے اضافہ کے ساتھ ہی اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے جب کہ 100 رنز سے پہلے ہی پانچویں وکٹ بھی گرگئی۔پے در پے گرتی وکٹوں کو اسد شفیق کی دھواں دھار بیٹنگ نے سنبھالا۔ انہوں نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر اسکور میں 84 رن کا اضافہ کیا۔
اس سے قبل میچ کے آغاز پر پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 75 رنز جوڑے۔ شان مسعود پیٹ کمنس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اسی مجموعے پر اظہر علی بھی جوش ہیزل وڈ کا شکار بن گئے۔وکٹ پر نئے آنے والے بلے باز حارث سہیل اور بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ کھڑے رہ سکے اور دونوں کھلاڑی ایک ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی ٹیم کا مجموعی اسکور 78 ہوا تو اس وقت تک چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ پانچویں وکٹ پر اسد شفیق اور افتخار احمد نے محتاط انداز اپنایا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 94 تک پہنچا تو نیتھن لیون کی گھومتی ہوئی گیند پر افتخار احمد کیچ دے بیٹھے۔ وہ صرف سات رنز بنا سکے۔کینگروز کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنس نے 3، جوش ہیزل وڈ نے دو اور لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے اور ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔آسٹریلیا کے خلاف پاکستان ٹیم میں نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ کو بھی شامل کیا گیا ہے جو اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شان مسعود، کپتان اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم، افتخار احمد، اسد شفیق، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عمران خان۔
آسٹریلوی ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کر رہے ہیں جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، جو برنس، مارنس لبوسچگنی، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔