بارانی یونیورسٹی راولپنڈی،5 گاڑیاں بغیر منظوری خریدنے کا انکشاف 1

بارانی یونیورسٹی راولپنڈی،5 گاڑیاں بغیر منظوری خریدنے کا انکشاف

لاہور: بارانی یونیورسٹی راول پنڈی انتظامیہ میں نئے وائس چانسلر کی تعینات کے بعد5نئی گاڑیاں پنجاب کی مجاز آسٹیرٹی کمیٹی کی منظوری کے بغیر خریدنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ پنجاب حکومت نے اپریل میں ڈاکٹر پروفیسر قمرالزمان کو پیر مہر علی بارانی یونیورسٹی راول پنڈی کا وائس چانسلر تعینات کیا۔ نئے وائس چانسلر نے اپنے اور سنڈیکیٹ ممبران کے لئے پانچ نئی گاڑیاں خریدنے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کو حکم دیاتھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے پنجاب حکومت کی سادگی و کفایت شعاری پالیسی کو نظر انداز کرتے ہوئے چار ہنڈا سٹی اور ایک ڈبل کیبن گاڑی خریدی لی ہے ۔ پنجاب حکومت نے صوبائی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک آسٹیرٹی کمیٹی بھی تشکیل دی ہوئی ہے کہ اگر گاڑی خریدنا ناگزیر ہو تو خریداری سے قبل کیس منظوری کے لئے کمیٹی میں پیش کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے کیس کمیٹی کو بھیجا نہ ہی منظوری لی بلکہ براہ راست خریداری کرلی۔ پرنسپل افسر بارانی یونیورسٹی ارشد نواز نے رابط کرنے پر بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے کچھ عرصہ قبل پرانی گاڑیاں نیلام کی تھی جن سے فنڈز میسر آئے اور محکمہ زراعت پنجاب سے ایڈوائس مانگی گئی جس نے کہا کہ ان فنڈز سے نئی گاڑیاں خریدی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت دی تھی۔پنجاب حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ کفایت شعاری پالیسی کا اطلاق تمام صوبائی محکموں اداروں اور اتھارٹیوں پر ہے ، کسی ادارے کو استثنیٰ نہیں ۔پنجاب حکومت کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ پرانی گاڑیوں کی نیلامی کر کے نئی گاڑیاں خریدنے کی صورت میں بھی آسٹیرٹی کمیٹی کی اجازت لینا ضروری ہے

Leave a Reply