ایس او پی کی خلافت ورزی، کراچی کی 5 مارکیٹیں سیل 1

ایس او پی کی خلافت ورزی، کراچی کی 5 مارکیٹیں سیل

کراچی(ویب ڈیسک): حکومت سندھ کے طے کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے گل پلازہ اور زینب مارکیٹ سمیت 5 مارکیٹوں کو سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر صدر آصف رضا چانڈیو پولیس نفری کے ہمراہ فوارہ چوک کے قریب کاروباری مراکز پہنچے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ، مدینہ سٹی اور انٹرنیشنل مارکیٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں، تاجروں کو بتادیا گیا تھا شرائط پر عمل نہیں ہوا تو مارکیٹیں بند کردیں گے، دو دن سے خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں، دکاندار ماسک پہن رہے تھے اور نہ سینیٹائزر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اسی وجہ سے کارروائی کی گئی اور جہاں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھی جائے گی وہاں فوری ایکشن ہوگا۔
اس موقع پر دکانداروں نے نعرے بھی لگائے، پولیس اہلکاروں سے ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے مارکیٹ عہدیداروں کی یقین دہانی کے بعد دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر اسما بتول نے گل پلازہ کو بھی طے کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا۔ سیل کی گئی پانچوں مارکیٹوں میں ایک اندازے کے مطابق تقریبا 3 ہزار دکانیں ہیں۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ کاروباری اوقات اور دن محدود ہونے کی وجہ سے مارکیٹوں میں رش لگ رہا ہے اگر رات میں مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی جائے تو خریداروں کو بھی اطمینان ہوگا اور دکاندار بھی بہتر طریقے سے ایس او پیز پر عمل کرسکیں۔
لاک ڈائون میں نرمی کے تیسرے روز کراچی کے بازاروں میں صبح سے خریداروں کا رش دیکھا جارہا تھا، کاروباری اوقات کم ہونے کی وجہ سے شہری جلدی گھروں سے نکل آئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ دوپہر کی گرمی برداشت کرنے سے بہتر ہے کہ جلدی خریداری کرلی جائے۔ بہت سے والدین اپنے چھوٹے بچوں کو بھی مارکیٹوں میں لائے تھے، کچھ نے ماسک پہنا تھا تو کچھ کی جانب سے بے احتیاطی بھی دیکھی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں