ویب ڈیسک : وزارت قانون و انصاف نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس کا مسودہ تیار کرلیا جس کے تحت اسمگلرز کو 14سال تک قید کی سزا ہوسکے گی۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹیم نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس کا مسودہ تیار کیا ہے،اطلاق ملک بھر میں فوری طور پر ہوگا، آرڈیننس کا اطلاق غیرملکی کرنسی، سونے ، چاندی، چینی،گندم، آٹے، چاول، دالوں،آلو، پیاز، خوردنی تیل اور لائیو سٹاک پر ہوگا۔
مسودہ میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز، ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کے مجاز ہونگے، متعلقہ ادارے کارروائی نہ کریں تو سیکرٹری قانون کو کارروائی کا اختیار ہو گا، اس کے علاوہ خصوصی عدالتیں ملوث افراد کیخلاف سمری ٹرائل کرینگی۔
آرڈیننس کے تحت سمگلرز کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوسکے گی، اسمگلرز کو وارنٹ کے بغیر بھی گرفتار کیا جا سکے گا،سمگلنگ کا پکڑا گیا مال بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا، سمگلنگ کی اطلاع دینے والے کو ریکوری کا 10 فیصد انعام دیا جائے گا۔