افغانستان: طالبان کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 13 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی 1

افغانستان: طالبان کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 13 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

کابل(ویب ڈیسک): افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے بدغیث کے فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک گھنٹے تک سخت مزاحمت کی لیکن چند اہلکاروں کے جنگجوؤں سے جا ملنے پر سیکیورٹی اہلکار پسپا ہوگئے۔
ترجمان گورنر بدغیث نے بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 13 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ جنگجوؤں نے اسلحہ اور فوجی گاڑیاں قبضے میں لیکر چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیا۔ سیکیورٹی فورسز کے چند اہلکاروں نے طالبان میں شمولیت اختیار کرلی۔
ایک ہفتے کے دوران صوبے تخار، قندھار، لوگار، سرپل، بلخ اور بدغیث کی چیک پوسٹوں پر طالبان حملوں میں ہلاک ہونے والے افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔ جب کہ صرف صوبے بدغیث میں 13 مرتبہ حملہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 29 فروری کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے باوجود تاحال افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکا ہے جس کا ذمہ دار طالبان نے اقتدار کے لیے لڑتے افغان قیادت کو قرار دیا جب کہ صدر اشرف غنی نے اس کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی۔

Leave a Reply